فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ایچ کے اہم میچ میں اسپین نے سعودی عرب کو 0-4 سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی، جبکہ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے اور اسٹرائیکر میکل اویارزابال نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا
سپین نے سعودی عرب کو 0-4 سے ہرا دیا، کوچ اور اویارزابال مطمئن
نیویارک۔22جون (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ایچ کے اہم میچ میں اسپین نے سعودی عرب کو 0-4 سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی، جبکہ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے اور اسٹرائیکر میکل اویارزابال نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔شنہوا کے مطابق سپین کی جانب سے میکل اویرزبال نے دو جبکہ لامین یامال اورحسن التمبقتی نے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔مرسڈیز بینز سٹیڈیم، اٹلانٹا،امریکامیں کھیلے گئے گروپ ایچ کے میچ میں سپین کی جانب سے لامین یامال نے ابتدائی گول 10 ویں منٹ پر سکور کیا جبکہ میکل اویارزابال نے 21 اور 24 منٹ پر یکے بعد دیگرے 2 گول کر کے ٹیم کو سعودی عرب کے خلاف پہلے ہاف میں ہی 0-3 کی مضبوط برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف میں مارک کوکوریلا کی شاٹ سعودی مدافع حسن التمبکتی سے ٹکرا کر جال میں جا پہنچی، جس سے سپین کی برتری 0-4 ہو گئی۔میچ کے بعد کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے نے کہا کہ ان کی ٹیم نے پہلے ہاف میں غیر معمولی جبکہ دوسرے ہاف میں بھی عمدہ کھیل پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے زیادہ جارحانہ اور تیز رفتار کھیل کا مظاہرہ کیا جس کا نتیجہ بہتر مواقع اور گولوں کی صورت میں سامنے آیا۔کوچ نے لامین یامال اور میکل اویارزابال کی خصوصی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑی بہترین فارم میں ہیں اور ٹیم کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔دوسری جانب اویارزابال نے کہا کہ ٹیم ابتدائی میچ میں کیپ ورڈی کے خلاف 0-0 کے مایوس کن نتیجے کے بعد شاندار انداز میں واپسی پر خوش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں کوئی سنگین جسمانی مسئلہ نہیں اور انہیں صرف دیگر کھلاڑیوں کو موقع دینے کے لیے وقفے کے بعد میدان سے باہر بلایا گیا۔اس کامیابی کے بعد سپین گروپ ایچ میں 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہو گیا ہے جبکہ آخری گروپ میچ میں اس کا مقابلہ یوروگوئے سے 26 جون کوہوگا۔









