متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان کا چین میں تشہیری روڈ شو کا آغاز

متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان کے محکمہ سیاحت، ثقافت و میڈیا نے چین کے تین بڑے شہروں پر مشتمل ایک تشہیری روڈ شو کا آغاز کر دیا ہے

عجمان۔22جون (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان کے محکمہ سیاحت، ثقافت و میڈیا نے چین کے تین بڑے شہروں پر مشتمل ایک تشہیری روڈ شو کا آغاز کر دیا ہے جو 27 جون تک جاری رہے گا ۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اس اقدام کا مقصد چینی سیاحت اور ثقافتی شعبوں کے اہم شراکت داروں کے ساتھ محکمہ کے سٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور چین میں عجمان کی موجودگی کو فروغ دینا ہے۔یہ روڈ شو محکمہ کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت عجمان کو عالمی سطح پر ایک نمایاں سیاحتی اور ثقافتی مقام کے طور پر متعارف کرایا جا رہا ہے، اس مقصد کے لیے امارت کے عالمی معیار کے سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنے اور بین الاقوامی منڈیوں میں موثر شراکت داریاں قائم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔روڈ شو کے دوران وفد چین کے تین بڑے شہروں، چانگ شا، ووہان اور گوانگ ژو کا دورہ کرے گا۔ اس موقع پر سیاحت سے متعلق معروف کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ متعدد ملاقاتیں اور پیشہ ورانہ سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی، جن کا مقصد مشترکہ سیاحتی اور تشہیری پروگراموں کے لیے تعاون کے معاہدے طے کرنا ہے۔عجمان محکمہ سیاحت، ثقافت و میڈیا کے ڈائریکٹر جنرل محمود خلیل الہاشمی نے کہا کہ یہ روڈ شو ترجیحی بین الاقوامی منڈیوں میں عجمان کے مقام کو مزید مستحکم بنانے کی ایک اہم حکمت عملی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی منڈی عجمان کے سیاحتی شعبے کی ترقی کے منصوبوں میں ایک اہم شراکت دار ہے کیونکہ یہ ایک بڑی، امید افزا اور مسلسل ترقی کرنے والی منڈی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس روڈ شو کے ذریعے محکمہ چین کے سیاحتی شعبے کے مختلف فریقین کے ساتھ طویل المدتی شراکت داریاں قائم کرنا اور مشترکہ سیاحتی مصنوعات اور تجربات متعارف کرانا چاہتا ہے، جو عجمان کی منفرد سیاحتی اور ثقافتی خصوصیات کو اجاگر کریں گے۔محکمہ کے مطابق یہ اقدام متحدہ عرب امارات اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں سیاحت اور ثقافت کے کردار کو نمایاں کرتا ہے۔