سپین نے اٹلی سے آنے والے مسافروں کے لیے عارضی طور پر اندرونی سرحدی چیکنگ بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سپین کا اٹلی سے آنے والے مسافروں پر عارضی سرحدی چیکنگ بحال کرنے کا اعلان

مزید خبریں
میڈرڈ ۔8اگست (اے پی پی):سپین نے اٹلی سے آنے والے مسافروں کے لیے عارضی طور پر اندرونی سرحدی چیکنگ بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
شنہوا کے مطابق یہ اقدام اٹلی کی جانب سے سپین سے آنے والے مسافروں پر عائد سرحدی پابندیاں ختم نہ کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔سپین کی حکومت کے مطابق بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں پر عارضی چیکنگ ہفتہ سے نافذ ہوگی اور حالات میں تبدیلی نہ آنے کی صورت میں 7 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس دوران مسافروں کی شناخت اور سفری دستاویزات کی تصادفی بنیادوں پر جانچ کی جائے گی۔سپین نے اٹلی کی جانب سے یکم اگست کو اسپین سے آنے والے مسافروں پر بغیر پیشگی اطلاع کے سرحدی چیکنگ دوبارہ نافذ کرنے کو ’’بلاجواز، امتیازی اور یورپی یونین کے مفادات کے منافی‘‘ قرار دیا ہے۔ میڈرڈ نے روم سے ان اقدامات کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
دوسری جانب اٹلی کی حکومت نے جمعہ کو اعلان کیا کہ سپین سے آنے والے غیر یورپی ممالک کے شہریوں پر عارضی چیکنگ کم از کم 15 اگست تک جاری رہے گی۔ روم نے اس اقدام کے لیے قومی سلامتی اور سرحدی انتظامات سے متعلق خدشات کو جواز بنایا ہے۔اٹلی کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی اور سرحدی انتظام سے متعلق معاملات میں وہ کسی قسم کے دباؤ یا الٹی میٹم کو قبول نہیں کرے گا۔ تاہم اطالوی حکام کے مطابق ہوائی یا سمندری راستے سے سفر کرنے والے ہسپانوی اور دیگر یورپی یونین کے شہری ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہیں۔








