وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موٹرویز ، شاہراہوں کے تحفظ کے لئے ٹرانسپورٹرز کو تعاون کرنا چاہیے، گڈز ٹرانسپورٹ کے جائز مطالبات فوری تسلیم کئے جائیں گے۔
موٹرویز اور شاہراہوں کے تحفظ کے لیے ٹرانسپورٹرز تعاون کریں، جائز مطالبات فوری تسلیم ہوں گے، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان
اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موٹرویز ، شاہراہوں کے تحفظ کے لئے ٹرانسپورٹرز کو تعاون کرنا چاہیے، گڈز ٹرانسپورٹ کے جائز مطالبات فوری تسلیم کئے جائیں گے۔
وزارت مواصلات کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے وڈیو لنک اجلاس کے دوران ایکسل لوڈ، ایس آر او، موٹرویز پر گاڑیوں کے مسائل اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موٹرویز اور شاہراہوں کے تحفظ کے لئے ٹرانسپورٹرز کو تعاون کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے یقین دہانی کرائی کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے جائز مطالبات فوری تسکیم کئے جائیں گے۔ عبدالعلیم خان نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے وفد کو پیر کو اسلام آباد بلا لیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ موٹروے پولیس کوایک ماہ میں کرپشن فری کریں گے، آئی جی موٹرویز یقینی بنائیں کہ رشوت اور کرپشن کرنے والا ایک اہلکار بھی باقی نہ بچے۔ عبدالعلیم خان نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ مالکان ہماری ایکسل لوڈ پالیسی سے متفق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر نیت درست ہو تو ہر مسلئے کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے استفسار کیا کہ جب تک آپس میں بیٹھیں گے نہیں تو بات آگے کیسے چلے گی؟ ۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ بدعنوانیوں کے مرتکب اہلکاروں کی صرف برطرفی نہیں، بلکہ پرچے بھی درج ہو نگے۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ مزدا ایسوسی ایشن اور 10 ویلرزکے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر ملک و قوم کا سوچنا ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ٹرانسپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک بھی اوورلوڈڈ گاڑی کو موٹروے پر نہیں آنے دیں گے، ایکسل لوڈ پالیسی پر آج ہی سے عملدرآمد ہو گا اور کالی بھیڑوں کو نکال باہر کریں گے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز انتہائی اقدام کی طرف نہ جائیں، ملکی مفاد کا خیال رکھیں۔ اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹ کی نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی اور ، وفاقی وزیر مواصلات کو مسائل سے آگاہ کیا۔اجلاس میں شبیر ملک، اویس چوہدری، چوہدری مقبول، امجد بلوچ، چوہدری شاہداور حاجی نواز موجود تھے۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات، آئی جی موٹرویز پولیس،چاروں صوبوں کے سیکرٹریزٹرانسپورٹ اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔ ناصر حسین جعفری، مرزا نصیرالدین،عدیل عباس اور دیگرگڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی اجلاس میں شرکت ۔ اجلاس کے دوران ملک شیراعوان، افتخار بٹ، ملک شفاء اللہ،ندیم افضل نے بھی وڈیو لنک کے ذریعہ اظہار خیال کیا۔








