سڈنی ایئرپورٹ پر فضائی ٹریفک کنٹرول کے عملے کی کمی کے باعث مسلسل دوسرے روز بھی 150 پروازیں تاخیر کا شکار

آسٹریلیا کے سڈنی ایئرپورٹ پر فضائی ٹریفک کنٹرول کے عملے کی کمی کے باعث مسلسل دوسرے روزبھی مسافروں کو پروازوں میں تاخیر کے بارے میں خبردار کیا گیا ہے۔

سڈنی ۔8اگست (اے پی پی):آسٹریلیا کے سڈنی ایئرپورٹ پر فضائی ٹریفک کنٹرول کے عملے کی کمی کے باعث مسلسل دوسرے روزبھی مسافروں کو پروازوں میں تاخیر کے بارے میں خبردار کیا گیا ہے۔

شنہو ا کے مطابق حکام نے بتایا کہ ہفتے کو صبح 7 بجے سے سڈنی سے روانہ ہونے والی 150 سے زائد ملکی اور بین الاقوامی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ فضائی ٹریفک کنٹرول نے ایئر سروسز آسٹریلیا کے عملے کی کمی کے باعث پروازوں کی روانگی کے درمیان وقفہ بڑھا دیا ہے۔اس سے ایک روز قبل جمعہ کو بھی 100 سے زائد پروازیں تاخیر یا منسوخی سے متاثر ہوئی تھیں۔یاد رہے کہ ایئر سروسز آسٹریلیا ایک سرکاری ادارہ ہے جو آسٹریلیا کی فضائی حدود کا انتظام اور ملک کے بڑے ہوائی اڈوں پر فضائی ٹریفک کنٹرول کی خدمات فراہم کرتا ہے۔ایئرلائنز فار آسٹریلیا اینڈ نیوزی لینڈ کے چیف ایگزیکٹو اسٹیفن بیکیٹ نے آسٹریلوی براڈکاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) کو بتایا کہ ایئر سروسز آسٹریلیا کو سڈنی کے فضائی ٹریفک کنٹرول ٹاور میں خدمات کو موثر انداز میں جاری رکھنے کے لیے مطلوبہ تعداد میں عملہ تعینات کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سڈنی سے پروازوں میں تاخیر ہونے کی صورت میں اس کے اثرات پورے قومی اور بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک پر پڑتے ہیں۔وفاقی وزیر ٹرانسپورٹ کیتھرین کنگ نے کہا کہ ان کے دفتر نے ایئر سروسز آسٹریلیا سے صورتحال میں بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات اور لائحہ عمل پیش کرنے کو کہا ہے۔