اسلام آباد۔29فروری (اے پی پی):سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے عہدوں کے لیے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے سپیکر کے لیے سردار ایاز صادق، ملک محمد عامر ڈوگر کے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کو جمع کرائے گئے۔سپیکر قومی اسمبلی کے نامزد امیدوار سردار ایاز صادق کے تجویز کنندگان میں چوہدری سالک حسین، عبدالعلیم خان، سید نوید قمر اور اویس احمد لغاری شامل ہیں ۔
ملک عامر ڈوگر کے تجویز کنندگان میں صاحبزادہ صبغت اللہ، علی محمد اور ڈاکٹر امجد علی خان شامل ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے لیے سید غلام مصطفی شاہ اور جنید اکبر کے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کو جمع کرائے گئے۔
ڈپٹی اسپیکر کے لیے نامزد امیدوار غلام مصطفیٰ شاہ کے لیے تجویز کنندگان میں محمد رضا حیات ہراج اور اعجاز حسین جاکھرانی شامل ہیں جبکہ جنید اکبر کے تجویز کنندگان میں محمد ثناء اللہ خان مستی خیل، محمد ریاض خان فتیانہ اور مہر غلام محمد لالی شامل ہیں ۔ سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب بروز جمعہ یکم مارچ 2024 کو ہو گا۔قومی اسمبلی کے جمعرات کومنعقد ہونے والے اجلاس میں 282 ارکان قومی اسمبلی نے حلف اٹھایا اور رول آف ممبرزپر دستخط کیے ۔