سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی سے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس حکومتِ پاکستان عمر علی خان، اکاؤنٹنٹ جنرل خیبرپختونخوا خالد محمود اور ایڈیشنل اکاؤنٹنٹ جنرل سیف الاسلام پر مشتمل وفد نے سپیکر چیمبر خیبر میں ملاقات کی۔
سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی سے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس پاکستان کی ملاقات

مزید خبریں
پشاور۔ 04 جون (اے پی پی):سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی سے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس حکومتِ پاکستان عمر علی خان، اکاؤنٹنٹ جنرل خیبرپختونخوا خالد محمود اور ایڈیشنل اکاؤنٹنٹ جنرل سیف الاسلام پر مشتمل وفد نے سپیکر چیمبر خیبر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں سیکرٹری صوبائی اسمبلی سید وقار شاہ اور پرنسپل سیکرٹری ٹو سپیکر میاں محمد سریر بھی موجود تھے۔اس موقع پر کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس حکومتِ پاکستان نے سپیکر خیبر پختو نخوا اسمبلی کو محکمہ جاتی اصلاحات، جدید اکاؤنٹنگ نظام، ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ جدید اکاؤنٹنگ نظام کے نفاذ سے شفافیت، احتساب اور ادارہ جاتی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی جبکہ مالیاتی امور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔وفد نے صوبائی اسمبلی کے اکاؤنٹنگ نظام میں مزید شفافیت اور جدت لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں اور جدید مالیاتی نظم ونسق کے فوائد سے آگاہ کیا۔سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی بابر سلیم سواتی نے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نظام میں اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید نظام نہ صرف شفافیت اور احتساب کے فروغ میں معاون ثابت ہوتا ہے بلکہ وقت اور وسائل کے مؤثر استعمال کو بھی یقینی بناتا ہے۔سپیکر اسمبلی نے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں گورننس، انتظامی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد کار میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی جدید اور شفاف نظام کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔








