اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے محسن پاکستان و نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبد القدیر کا انتقال ملک اور قوم کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے جسے کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری تعزیتی پیغام میں سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے قومی ہیرو کی وفات پر پوری قوم سوگوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کو قوم ہمیشہ قومی ہیرو کے طور پر یاد رکھے گی۔
ڈاکٹر عبدالقدیر کی وفات پر اپنے تعزیتی پیغامات میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ قوم ڈاکٹر عبد القدیر خان کی ملک کی خاطر خدمات اور احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دنیا کا ساتواں اور اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بنانے میں ڈاکٹر عبد القدیر کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، قوم محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر کے احسانات کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کی وفات ملک و قوم اور ان کے اہلخانہ کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ رنج و غم اور دکھ کی اس مشکل کھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالی سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پوری قوم سمیت سوگوار خاندان کو اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا بھی کی۔