اسلام آباد ۔ 17 جون (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ایرانی مجلس شوریٰ کے وفد نے ڈاکٹر احمد امیربادی فراھانی کی سربراہی میں پیر کو پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور ایران مذہب ، اخوت ، ثقافت ، تاریخ اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔پاکستان پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دے کر ایران کے ساتھ موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتاہے۔