سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا واہ کینٹ میں فاتح سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ طلباءکی کردار سازی اور سماجی اقدار کا فروغ تعلیمی اداروں کی ترجیح ہونی چاہیے، خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، اس جدید دور میں تعلیم ترقی پسند معاشرے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی اور تعلیم کے فروغ …

اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ طلباءکی کردار سازی اور سماجی اقدار کا فروغ تعلیمی اداروں کی ترجیح ہونی چاہیے، خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، اس جدید دور میں تعلیم ترقی پسند معاشرے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی اور تعلیم کے فروغ کے ذریعے ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے، تعلیم کو اپنا شعار بنا کر ہی ہم ملک کو درپیش معاشرتی اور معاشی چیلنجوں سے نکال سکتے ہیں، جن ممالک میں خواندگی کی شرح زیادہ ہے وہ ایسے مسائل کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز واہ کینٹ میں فاتح سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کو عام کرنا اور شرح خواندگی میں اضافے کے لئے نجی عوامی شراکت کی ضرورت ہے کیونکہ صرف پبلک سیکٹر ہی معاشرے میں تعلیم کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا نہیں کرسکتا۔ انہوں نے تعلیم کے فروغ کے لیے نجی شعبے کے تعلیمی ادارے کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اس وقت نوجوانوں کو تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ موجودہ حکومت نے تعلیمی اداروں میں تعلیم حصول کے لیے قابل طلباءجو مالی وسائل کی وجہ سے اپنی تعلیم کو جاری رکھنے سے قاصر ہیں ان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کے لیے وسیلہ وظیفہ پروگرام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں حقیقی تبدیلی شرح خواندگی میں اضافے پر منحصر ہے۔ انہوں خواتین کو معاشرے میں جائز مقام دلانے کے لیے تعلیم کو بنیادی جزو قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین معاشرے اور سماج میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ معاشرے میں خواتین کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ایک تعلیم یافتہ خاتون ہی اپنے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کا خیال رکھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں تعلیم کی کمی ہوتی ہے وہاں پر جبر، تشدد اور ناانصافیاں جنم لیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محنتی اور تعلیم کے حصول کے لیے پرعزم طلباءملک کا روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے حصول میں وابستگی کا عزم فرد کے ساتھ ساتھ اقوام کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ انہوں نے اپنی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق نچلے متوسط طبقے سے ہے اور انہوں نے ساری زندگی محنت کی جس کے نتیجے میں اللّٰہ تعالیٰ نے انہیں ایک اعلیٰ عہدے پر فائز رہ کر ملک اور قوم کی خدمت کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، جماعت اسلامی کے رہنماءلیاقت بلوچ اور معززین علاقہ سمیت طلباءاور طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔