سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ایرانی سفیر رضا امیری مغدام کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پیر کو پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مغدام نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں، دونوں برادر ممالک …

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پیر کو پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مغدام نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں، دونوں برادر ممالک کے تعلقات مذہب، تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، ایران پاکستان کا قابل اعتماد برادر ہمسایہ ملک ہے، پاکستان ایران کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ایران کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ہمسایہ ممالک کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کے دو ٹوک موقف پر ایرانی عوام اور حکومت پاکستان کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔

ایرانی سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا سب سے پہلے ایران سے اظہار یکجہتی کرنے پر شکر ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے تمام عالمی فورمز پر ایران کی حمایت کی جس کا ایران تہہ دل سے شکرگزار ہے، خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔ایرانی سفیر نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی تعاون کو کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ سپیکر سردار ایاز صادق کا دونوں ممالک کی پارلیمانو ں میں رابطوں کو فروغ دینے میں کردار قابلِ تحسین ہے۔