سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے بینظیر بھٹو کیڈٹ کالج لاڑکانہ اور سوہاوہ گوجر خان کیڈٹ کالج کے طلباء و طالبات کی ملاقات

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان سویٹ ہومز کے زیر انتطام بینظیر بھٹو کیڈٹ کالج لاڑکانہ اور سوہاوہ گوجر خان کیڈٹ کالج کے طلباء و طالبات نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی، سید خورشید وفاقی وزیر آبی وسائل، سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان اور اراکین قومی اسمبلی کی شرکت کی۔

اس موقع پر سپکر نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے،ہماری قوم کو اپنی نوجوان نسل سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، نوجوان اپنی تمام تر صلاحیتوں کو حصول علم کے لیے بروئے کار لائیں،نوجوان نسل پر قوم کو سنوارنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی کے لیے تعلم کا فروغ کلیدی اہمیت کا حامل ہے،سویٹ ہوم کے زیر کفالت بچوں نے ہمیشہ تعلیم کے میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے، اپنی محنت کے بل بوتے پر سویٹ ہومز کے بچوں کا میرٹ پر کیڈٹ کالجز میں داخلہ لینا قابل تحسین ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سویٹ ہوم بے سہارا اور یتیم کی بہترین تربیت گاہ ہے،بے سہارا بچوں کی بہترین کفالت پر سربراہ سویٹ ہوم زمرد خان اور ان کی ٹیم کو سلام پیش کرتا ہوں۔