سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے گوجر خان سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کے وفد کی ملاقات

113
Raja Pervaiz Ashraf

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے گوجر خان سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کے وفد نے پیر کو ملاقات کی جس میں اساتذہ نے سپیکر قومی اسمبلی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پرسپیکر نے گوجر خان سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سپیکر نے کہا کہ مہذب اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

اساتذہ کا ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے کردار قابل ستائش ہے۔اساتذہ کو ان کا جائز مقام دینا اور ان کو درپیش مسائل کو حل کرنا ضروری ہے۔ پارلیمان نے ہمیشہ بالخصوص گزشتہ ڈیڑھ سال میں ملک میں تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تعلیم کا فروغ ضروری ہے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

اساتذہ کو درپیش مسائل کو حل کیے بغیر تعلیم کا فروغ شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ گوجر خان اور بالخصوص خطہ پوٹھوہار کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنا میرا دیرینہ خواب ہے۔گوجر خان میں یونیورسٹی آف پنجاب پوٹھوہار کیمپس کا جلد اجراء ہونے جا رہا ہے۔گوجر خان میں یونیورسٹی آف پنجاب پوٹھوہار کیمپس کے قیام سے طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم ہونگے۔ منگھوٹ ڈگری کالج برائے خواتین میں ٹرانسپورٹ کی فراہمی ایک دیرینہ مسئلہ تھاجس میں ٹرانسپورٹ کی فراہمی سے طالبات کو سفری مشکلات کا خاتمہ ہوا۔