ورلڈ کپ، سری لنکا کا آسٹریلیا کو جیت کیلئے 210 رنز کا ہدف

آسٹریلیا

لکھنئو۔16اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا نے آسٹریلیا کو جیت کے لئے 210 رنز کا ہدف دے دیا، اوپنرز پاتھم نسانکا اور کوشل پریرا نے شاندار نصف سنچریاں سکور کیں، آسٹریلوی سپنر ایڈم زمپا نے 4 وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کو بڑے سکور سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔

پیر کو لکھنئو میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے 14ویں میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، اننگز کی ابتدا میں سری لنکا کا پہلے کھیلنے کا فیصلہ درست نظر آرہا تھا تاہم اوپنرز کے آئوٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی پوری ٹیم 43.3 اوورز میں 210 رنز پر آئوٹ ہوگئی،

اوپنرز پاتھم نسانکا اور کوشل پریرا نے اننگز کا شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 125 رنز بنائے تاہم ان کے آئوٹ ہونے کے بعد سری لنکا کا کوئی بیٹر وکٹ پر جم کر بیٹنگ نہ کر سکا،نسانکا 61اور کوشل پریرا 78رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے،چارتھ اسالنکا 25 ،کپتان کوشل مینڈس 8، دھننجیا ڈی سلوا 7، دنیتھ ویلالاگے اور سمیکا کرونارتنے دو دو، لہیرو کمارا 4 اور مہیش تھیکشانا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی طرف سے لیگ سپنر ایڈم زمپا نے 47 رنز کے عوض 4 اہم وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کو کم سکور پر آئوٹ کرنے میں اہم کردار ادا کیا، مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ گلین میکسویل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح آسٹریلیا کو میچ میں فتح کے لئے مقررہ 50 اوورز میں 210 رنز کا آسان ہدف ملا ہے۔