سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوینیسکو کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات و علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوینیسکو نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس آباد میں ملاقات کی۔ سپیکر نے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دوطرفہ تعلقات و علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوینیسکو نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس آباد میں ملاقات کی۔ سپیکر نے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دوطرفہ تعلقات و علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات کے دوران ڈاکٹر ڈین اسٹوینیسکو نے اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ پر دستخط کے موقع پر سپیکر سردار ایاز صادق کو مبارکباد پیش کی اور امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان مفاہمت کے لئے پاکستان کے کلیدی اور تعمیری کردار کو سراہا۔رومانیہ کے سفیر نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مربوط اور دوراندیش سفارتکاری کے باعث اسلام آباد ایم او یو پر دستخط ممکن ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ایک اہم سفارتی پیشرفت ہے جس کے نتیجے میں کشیدگی میں کمی اور امن کے لئے نئی راہیں ہموار ہوئی ہیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسلام آباد ایم او یو کا کامیاب انعقاد پاکستان کے امن، مکالمے اور سفارتی روابط کے فروغ کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے اسلام آباد ایم او یو کو ایک اہم سفارتی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے نے خطے میں کشیدگی میں کمی، امن کی کوششوں کے فروغ اور بین الاقوامی تعلقات میں استحکام کو تقویت دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ عالمی تنازعات کے حل اور سفارتکاری میں پاکستان کے ایک معتبر، ذمہ دار اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔ڈاکٹر ڈین اسٹوینیسکو نے پاکستان کے امن، مکالمے اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں مسلسل اور تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے عالمی برادری میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی ساکھ کو تسلیم کرتے ہوئے علاقائی و عالمی استحکام کے لئے اس کی کاوشوں کو خوش آئند قرار دیا۔دونوں فریقین نے پاکستان اور رومانیہ کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا خصوصاً سیاسی، معاشی، ثقافتی، تعلیمی اور پارلیمانی تعاون کے شعبوں میں۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دیرینہ دوستانہ روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے اختتام پر رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوینیسکو نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو پاکستان کے قومی ترانے کی اردو اور رومانی زبان میں طباعت شدہ کاپی اور اس کی کورل ترتیب بطور تحفہ پیش کی۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے اس اقدام کو ثقافتی ہم آہنگی، باہمی احترام اور پاکستان و رومانیہ کے درمیان گہرے روابط کے فروغ کی خوبصورت مثال قرار دیا۔

مزید خبریں