نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان سائبر سکیورٹی، ڈیجیٹل دفاع اور جدید تحقیق کے فروغ کیلئے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے
این سی سی آئی اے اور یو ایم ٹی کے مابین سائبر سکیورٹی کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
لاہور۔20جون (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان سائبر سکیورٹی، ڈیجیٹل دفاع اور جدید تحقیق کے فروغ کیلئے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔معاہدے پر این سی سی آئی اے کے ڈائریکٹر محمد علی وسیم اور یو ایم ٹی کے ڈین ڈاکٹر عاطف علوی نے دستخط کئے۔اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلی حکام اور متعلقہ شعبوں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت این سی سی آئی اے اور یو ایم ٹی سائبر سکیورٹی کے شعبے میں مشترکہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ منصوبوں پر کام کریں گے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں طلبہ کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مختلف پروگرامز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔’ٹیک 2.0′ اقدام کے تحت طلبہ کو بلاک چین،کلاوڈ کمپیوٹنگ،مالویئر اینالیسس اور دیگر جدید سائبر سکیورٹی پراجیکٹس میں عملی رہنمائی اور تربیت فراہم کی جائے گی۔مزید برآں سائبر سکیورٹی سے متعلق نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے این سی سی آئی اے کے نمائندگان یو ایم ٹی کے ایڈوائزری بورڈ کا حصہ بنیں گے،جس سے طلبہ کو جدید ترین علمی اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے میں مدد ملے گی۔حکام کے مطابق یہ اشتراک ملک میں سائبر سکیورٹی کے شعبے کو مضبوط بنانے،جدید تحقیق کو فروغ دینے اور نوجوانوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔








