ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے کا قصور کا دور

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو/ریلیف کمشنر پنجاب کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈائریکٹر (ایڈمن اینڈ کوآرڈینیشن) ظہیر لیاقت بیگ نے ضلع قصور کا دورہ کیا

قصور۔ 20 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو/ریلیف کمشنر پنجاب کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈائریکٹر (ایڈمن اینڈ کوآرڈینیشن) ظہیر لیاقت بیگ نے ضلع قصور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مون سون اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات، فلڈ پریپریشن پلان، ملٹی ہیزرڈ والنٹیئر ایبلٹی اینڈ رسک اسیسمنٹ سروے اور ضلعی اداروں کی استعداد کار کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو قصور محمد مصطفیٰ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلعی سطح پر سیلابی خطرات، ہنگامی ردعمل کے انتظامات، حساس مقامات کی نشاندہی، ریسکیو و ریلیف اقدامات اور MHVRA سروے کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ڈائریکٹر (ایڈمن اینڈ کوآرڈینیشن) پی ڈی ایم اے پنجاب نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کو مزید موثر بنائیں اور مون سون سیزن کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پیشگی منصوبہ بندی اور خطرات کی درست نشاندہی ناگزیر ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد مصطفیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور ممکنہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ فلڈ کنٹیجنسی پلان پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور عوامی آگاہی کے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔اجلاس کے اختتام پر ضلعی سطح پر جاری تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تمام اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ مون سون کے دوران ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل الرٹ رہیں۔

مزید خبریں