سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رکن قومی اسمبلی چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارِ کیا ہے
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال پر اظہار افسوس

مزید خبریں
اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رکن قومی اسمبلی چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارِ کیا ہے ۔ جمعہ کو اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے سابق وفاقی وزیر ، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف و رکن قومی اسمبلی چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک اور باعثِ رنج ہے، مرحوم نے بطور رکن قومی اسمبلی قابلِ قدر سیاسی و پارلیمانی خدمات سر انجام دیں، وہ ایک باصلاحیت، مخلص اور فرض شناس پارلیمنٹیرین تھے۔سپیکر قومی اسمبلی نے چوہدری محمود بشیر ورک کی پارلیمانی، سیاسی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ چوہدری محمود بشیر ورک نے قانون سازی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے قابلِ ستائش خدمات سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے انتقال سے قومی اسمبلی ایک کہنہ مشق اور فعال رکن سے محروم ہوگئی ہے، مرحوم کی پارلیمانی، سیاسی و سماجی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا،غم کی اس گھڑی میں چوہدری محمود بشیر ورک کے اہلِخانہ کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں، اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کے لئے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم چوہدری محمود بشیر ورک کے درجات کی بلندی کے لئے بھی دعا کی۔








