سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی اراکین قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ اور نعمان اسلام شیخ کی عیادت ، نیک خواہشات کا اظہار

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اراکین قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ اور نعمان اسلام شیخ کی عیادت کے لئے ان کی رہائشگاہوں کا دورہ کیا۔ بعد ازاں سابق سپیکر سندھ اسمبلی اور سینئر سیاستدان مرحوم آغا سراج خان درانی کی رہائشگاہ پر جا کر فاتحہ خوانی کی اور ان کے صاحبزادے آغا شہباز خان درانی سے اظہارتعزیت کیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق …

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اراکین قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ اور نعمان اسلام شیخ کی عیادت کے لئے ان کی رہائشگاہوں کا دورہ کیا۔ بعد ازاں سابق سپیکر سندھ اسمبلی اور سینئر سیاستدان مرحوم آغا سراج خان درانی کی رہائشگاہ پر جا کر فاتحہ خوانی کی اور ان کے صاحبزادے آغا شہباز خان درانی سے اظہارتعزیت کیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سینئر پارلیمانی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ کی رہائشگاہ کا دورہ کیا اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے امید ظاہر کی کہ سید خورشید احمد شاہ عنقریب صحت یاب ہو کر قومی اسمبلی کی کارروائیوں میں دوبارہ اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔ سید خورشید احمد شاہ نے سپیکر قومی اسمبلی کے دورے اور خیرسگالی پر شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ کی رہائشگاہ کا بھی دورہ کیا اور ان کی عیادت کی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیف وہپ اور رکن قومی اسمبلی اعجاز حسین جاکھرانی بھی موجود تھے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے نعمان اسلام شیخ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کی اور امید ظاہر کی کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر قومی اسمبلی کی کارروائیوں میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔ نعمان اسلام شیخ نے سپیکر قومی اسمبلی کے خلوص اور عیادت پر شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سابق سپیکر سندھ اسمبلی اور سینئر سیاستدان مرحوم آغا سراج خان درانی کی رہائشگاہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مرحوم کے صاحبزادے آغا شہباز خان درانی سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کے بعد دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے مرحوم آغا سراج خان درانی کی سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بطور سپیکر سندھ اسمبلی مرحوم نے ایوان کی کارروائی غیرجانبداری اور عدل کے ساتھ چلائی اور ایک مثالی کردار ادا کیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحوم آغا سراج خان درانی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے صاحبزادے اور تمام لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔