اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی ہماری منزل مقصود ہے، آئین ریاست کے ہر شہری کو بنیادی حقوق جمہوریت اور سکیورٹی کی ضمانت دیتا ہے اس کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دستور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام …
سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کا یوم دستور کے موقع پر پیغام
اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی ہماری منزل مقصود ہے، آئین ریاست کے ہر شہری کو بنیادی حقوق جمہوریت اور سکیورٹی کی ضمانت دیتا ہے اس کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دستور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا جو ملک بھر میں (آج) منگل 10 اپریل کو منایا جا رہا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے آئین کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 45 سال قبل ملک کی پہلی جمہوری طور پر منتخب ہونے والی مقننہ کے نمائندوں نے ملک کو جمہوریت، امن و تر قی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے متفقہ طور پر آئین پاکستان کی منظوری دی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 45 سالوں کے دوران غیر جمہوری قوتوں نے جمہوری طور پر منتخب حکومتوں کو ختم کرکے آئین کو معطل کیا جس کی وجہ سے مضبوط وفاق کو دھچکا پہنچا، ان غیر جمہوری اقدامات سے ملک میں پروان چڑھنے والے جمہوری کلچر، سیکورٹی، انسانی حقوق اور ترقی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے۔ جمہوری قوتوں کی ملک میں جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کےلئے قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ آئین اور جمہوریت کی بحالی کےلئے جمہوری قوتوں نے آمریت کے دوران بے پناہ مصائب کے باوجود اپنی کوشش جاری رکھیں۔









