کینیا میں ایوی ایشن ورکرز نے ہڑتال ختم کردی، پروازوں کی آمدورفت بحال

کینیا میں ہوا بازی کے شعبے سے وابستہ کارکنوں نے ہڑتال ختم کردی ہے۔

نیروبی ۔1ستمبر (اے پی پی):کینیا میں ہوا بازی کے شعبے سے وابستہ کارکنوں نے ہڑتال ختم کردی ہے۔

رائٹرز کے مطابق کینیا کے وزیر ٹرانسپورٹ ڈیوس چرچر اور ایوی ایشن ورکرز یونین کے سربراہ موس نڈیما نے منگل کو ہڑتال ختم کرنے کی تصدیق کی۔ہڑتال کے باعث اتوار اور پیر کو بالخصوص ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی عدم دستیابی سے کینیا کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے”جمو کینیاٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ”سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی جبکہ پروازوں میں تاخیر کا اثر مشرقی افریقہ کے علاقائی ہوائی اڈوں اور دیگر مقامات تک بھی پہنچا۔یونین کے سربراہ موس نڈیما نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہڑتال ختم کی جا رہی ہے اور کارکنوں سے معمول کی کارروائیاں بحال کرنے اور خدمات کی فراہمی شروع کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ انہوں نے ڈیوٹی پر موجود عملے سے پروازوں کی روانگی اور آمد میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی بھی درخواست کی۔