سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےشمالی وزیرستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے 27 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔
سپیکر قومی اسمبلی کا شمالی وزیرستان میں 27 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےشمالی وزیرستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے 27 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ دہشتگرد عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں سکیورٹی فورسز کے عزم اور بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں پر قوم کو فخر ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے دہشتگردی کے خلاف’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت جاری قومی مہم کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے شمالی وزیرستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے امن و استحکام کے ضامن ہیں اور پوری قوم سکیورٹی فورسز کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔









