سکھر میں بیڈمنٹن چیمپین شپ اختتام پذیر ،پنجاب کی پانچ ٹائٹلز کے ساتھ پہلی پوزیشن، پاکستان آرمی اور ایس این جی پی ایل نے چار، چار ٹائٹلز جیتے

کھر میں نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2026ء اختتام پذیرہو گئی، فائنل مقابلوں میں پنجاب نے پانچ ٹائٹلز اپنے نام کئے جبکہ پاکستان آرمی اور ایس این جی پی ایل نے چار، چار ، اسلام آباد نے دو اور واپڈا نے ایک ٹائٹل جیتا۔محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان حکومتِ سندھ کے زیرِ اہتمام پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن، سندھ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن اور سکھر ڈویژن بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے اشتراک سے سندھ …

سکھر۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):سکھر میں نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2026ء اختتام پذیرہو گئی، فائنل مقابلوں میں پنجاب نے پانچ ٹائٹلز اپنے نام کئے جبکہ پاکستان آرمی اور ایس این جی پی ایل نے چار، چار ، اسلام آباد نے دو اور واپڈا نے ایک ٹائٹل جیتا۔محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان حکومتِ سندھ کے زیرِ اہتمام پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن، سندھ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن اور سکھر ڈویژن بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے اشتراک سے سندھ اسپورٹس کلب سکھر میں پانچ روز تک جاری رہنے والی نیشنل جونیئر بوائز اینڈ گرلز بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2026ء کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی اور مختلف عمر کے گروپس میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ چیمپئن شپ میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد، آزاد کشمیر، پاکستان آرمی، واپڈا اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ 12 سے 21 سال تک کے کھلاڑیوں کے درمیان مختلف کیٹیگریز میں سنسنی خیز مقابلے ہوئے، جن میں پنجاب، پاکستان آرمی اور ایس این جی پی ایل کے کھلاڑی نمایاں رہے۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان تھے، جنہوں نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کو سکھر کے لیے اعزاز قرار دیا۔

تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشریٰ منصور، ٹاؤن چیئرمین چک ڈاکٹر نوید مہر، میونسپل کمشنر سکھر میونسپل کارپوریشن خالد حسین جتوئی، جئے شاہ ٹاؤن کے چیئرمین عزیز اللہ مغل، یوسی چیئرمین احسان لاشاری اور اظہر اعوان، چیمبر آف کامرس کے وائس پریزیڈنٹ شہزاد شیوانی سمیت کھیلوں، میڈیا، سیاسی، سماجی اور کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔فائنل مقابلوں میں پنجاب نے پانچ ٹائٹلز اپنے نام کیے، جبکہ پاکستان آرمی اور ایس این جی پی ایل نے چار، چار ٹائٹلز حاصل کئے۔ اسلام آباد نے دو اور واپڈا نے ایک ٹائٹل جیتا۔ انڈر 15 بوائز سنگلز میں اسلام آباد کے محمد ریحان اور گرلز سنگلز میں ذلیخا فدا نے کامیابی حاصل کی، جبکہ انڈر 17 بوائز سنگلز میں واپڈا کے عبدالحسیب اور گرلز سنگلز میں پاکستان آرمی کی ثروت فاطمہ فاتح رہیں۔انڈر 19 مین سنگلز میں پنجاب کے محمد سلیمان اور ویمن سنگلز میں حمنا ارشاد نے ٹائٹلز جیتے۔ انڈر 21 مین سنگلز میں ایس این جی پی ایل کے محمد زید اور ویمن سنگلز میں پاکستان آرمی کی عمارہ اشتیاق نے کامیابی حاصل کی۔

ان کھلاڑیوں سمیت متعدد نمایاں کھلاڑیوں نے سنگلز اور ڈبلز مقابلوں میں بھی عمدہ کھیل پیش کیا۔ڈبلز مقابلوں میں انڈر 19 مین ڈبلز کا ٹائٹل ایس این جی پی ایل کے محمد عمر اور پنجاب کے محمد سلیمان نے حاصل کیا، جبکہ انڈر 19 ویمن ڈبلز میں پاکستان آرمی کی ثروت فاطمہ اور پنجاب کی حمنا ارشاد فاتح رہیں۔ انڈر 21 مین ڈبلز میں ایس این جی پی ایل کے محمد زید اور نجم الساقب نے کامیابی حاصل کی، جبکہ انڈر 21 ویمن ڈبلز میں پاکستان آرمی کی عمارہ اشتیاق اور پنجاب کی طیبہ شفیق نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔چیمپئن شپ کا ایک نمایاں پہلو انڈر 15 کیٹیگری میں اسلام آباد کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی رہی، جہاں بوائز اور گرلز سنگلز دونوں ٹائٹلز اسلام آباد کے حصے میں آئے۔ واپڈا اور بلوچستان کے کھلاڑیوں نے بھی مختلف مقابلوں میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کی ۔ تقریب کے اختتام پر فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔

مزید خبریں