وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اتوار کے روز راولپنڈی کے اہم اور بڑے انفراسٹرکچر منصوبے ’’معرکۂ حق اسکوائر‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ کچہری چوک ری ماڈلنگ پروجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والے اس منصوبے کا افتتاح شاندار آتش بازی اور پروقار تقریب کے ساتھ کیا گیا، جس کے بعد اسے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔
سگنل فری کوریڈور راولپنڈی کے شہری کلچر میں بڑی تبدیلی لائے گا، وزیراعلیٰ مریم نواز کا معرکۂ حق اسکوائر کے افتتاح پر خطاب

مزید خبریں
راولپنڈی۔10مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اتوار کے روز راولپنڈی کے اہم اور بڑے انفراسٹرکچر منصوبے ’’معرکۂ حق اسکوائر‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ کچہری چوک ری ماڈلنگ پروجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والے اس منصوبے کا افتتاح شاندار آتش بازی اور پروقار تقریب کے ساتھ کیا گیا، جس کے بعد اسے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔افتتاحی تقریب میں صوبائی و قومی اسمبلی کے اراکین، اعلیٰ سرکاری حکام، انجینئرز، متعلقہ اداروں کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران منصوبے کو روشنیوں اور آتش بازی سے سجایا گیا، جس سے پورے علاقے میں جشن کا سماں پیدا ہو گیا۔ ’’معرکۂ حق اسکوائر‘‘ کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبے کے تحت تعمیر کیا گیا ہے، جس میں جدید شہری ٹریفک نظام کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بنیادی انفراسٹرکچر کو مکمل طور پر ازسرنو ڈیزائن کیا گیا ہے۔
منصوبہ 3 انڈر پاسز، 2 فلائی اوورز اور پیڈسٹرین برج پر مشتمل ہے، جبکہ شہریوں کی سہولت کیلئے جدید پیدل چلنے والے پل بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔اس منصوبے کے تحت ’’معرکۂ حق یادگار‘‘ بھی قائم کی گئی ہے جو شہری شناخت اور قومی جذبے کی علامت کے طور پر تیار کی گئی ہے۔منصوبہ مکمل ہونے کے بعد کچہری چوک اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے افتتاح کے بعد منصوبے کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے اوور ہیڈ برج، انڈر پاسز اور مرکزی شاہراہوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کی تکنیکی تفصیلات اور ٹریفک مینجمنٹ پلان پر بریفنگ بھی دی گئی۔
انہوں نے انیکسی چوک سے جی پی او چوک تک جاری سگنل فری کوریڈور پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ جدید ٹریفک نظام شہریوں کیلئے سہولت، رفتار اور تحفظ کو یقینی بنائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سگنل فری کوریڈور راولپنڈی کے شہری کلچر میں ایک بنیادی تبدیلی لائے گا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے مری روڈ، کچہری چوک اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کے دباؤ میں واضح کمی آئے گی اور روزانہ لاکھوں گاڑیوں کی آمدورفت بہتر انداز میں ممکن ہوگی۔ منصوبہ جدید انجینئرنگ اصولوں کے مطابق مکمل کیا گیا ہے اور اسے راولپنڈی کیلئے ایک ماڈل انفراسٹرکچر منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔افتتاح کے بعد منصوبے کو باقاعدہ طور پر عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔








