31.6 C
Islamabad
پیر, اپریل 7, 2025
ہومقومی خبریںسیاست کو کھیلوں سے دور رکھنا چاہئے، نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کا...

سیاست کو کھیلوں سے دور رکھنا چاہئے، نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کا فروغ ہماری ترجیح ہے، پی ایس ایل سے قوم کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، عطاءاللہ تارڑ

- Advertisement -

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد رکھنے کیلئے حکومت بھرپور کاوشیں کر رہی ہے، سیاست کو کھیلوں سے دور رکھنا چاہئے، نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کا فروغ ہماری ترجیح ہے، حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مسلسل مواقع فراہم کر رہی ہے، پی ایس ایل سے قوم کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

پیر کو یہاں نیشنل کرکٹ گرائونڈ میں رسجا الیون اور یو کے میڈیا کے مابین فرینڈلی میچ میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے میچ کے تمام آرگنائزرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد خوش آئند ہے، کھیلوں کی سرگرمیاں جتنی زیادہ ہوں گی معاشرے میں اتنی بہتری آئے گی اور مثبت رویے کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند سرگرمیوں سے کھیل، کرکٹ اور سپورٹس مین سپرٹ کو فروغ ملے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، ہمیں پر امید رہنا چاہئے، پاکستان کرکٹ ٹیم نے بڑے بڑے معرکے سر کئے ہیں، ان شاءاللہ بہتری ہوگی۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ضرور ہونا چاہئے، اس پر پلاننگ جاری ہے۔

- Advertisement -

ایک سوال کے جواب میں عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ سیاست کو کھیل اور کھیلوں کو سیاست سے باہر رکھنا چاہئے، اسی میں کھیل اور سیاست دونوں کی عافیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا، اس میں ہمیں بہت سے کھلاڑیوں کی سپورٹ رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے دور میں شروع ہونے والے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کو وزیراعظم شہباز شریف آگے بڑھا رہے ہیں، پورے پاکستان کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے بڑا فعال کردار ادا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لئے مواقع فراہم کر رہی ہے، سیاسی جماعتوں، پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر کو مل کر کھیلوں کے فروغ کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ کے لئے کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہمارے سپورٹس مین اپنا نام بنا رہے ہیں، جیولین تھرور ارشد ندیم نے پوری دنیا میں اپنا سکہ منوایا ہے، ہمارے پاس بہت ٹیلنٹ موجود ہے، یہ ٹیلنٹ یوتھ فیسٹیول سے سامنے آیا، اس فیسٹیول میں ہر طرح کے کھیلوں کو شامل کیا گیا، جب اس طرح کے ایونٹس منعقد کئے جاتے ہیں تو کھلاڑیوں کی صلاحیتیں اجاگر ہوتی ہیں اور انہیں عالمی سطح پر پرفارم کرنے کا موقع ملتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مزید ٹیلنٹ ہنٹ اور یوتھ فیسٹیول منعقد کروائے جائیں گے تاکہ ارشد ندیم جیسے مزید کھلاڑی سامنے آئیں، ہاکی کو کھویا مقام واپس ملے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سٹیڈیمز کو ایسوسی ایشن کے ذریعے چلانے کا ماڈل ہے، کوشش ہوگی کہ اس کا کوئی حل نکل آئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کو بحال کیا جا رہا ہے، ماضی میں ڈیپارٹمنٹل سپورٹس ختم ہونے سے بہت سے کھلاڑی بیروزگار ہوگئے، جب ہماری ہاکی ٹیم ایشیا کپ میں اچھی پرفارمنس کے بعد واپس آئی تو وزیراعظم نے یہ سلسلہ دوبارہ شروع کیا، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو کہا گیا ہے کہ ماضی کے کھلاڑیوں پر بھی اس کا اطلاق ہو، ڈیپارٹمنٹل سپورٹس سے بڑے بڑے کھلاڑی پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن میرٹ پر ہوئی، شمائل حسین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پہلی مرتبہ ہوا کہ ٹیم میں شامل کرنے کے لئے کوئی پرچی نہیں چلی، پی ٹی وی کی مالی صورتحال بہت سے چینلز سے بہتر ہے، ہم نے چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ براہ راست دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں دنیا بھر کے کھلاڑی آتے ہیں اور پوری پاکستانی قوم کو کرکٹ اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملتا ہے، پی ایس ایل میں مسابقتی کرکٹ ہوگی اور یہ پاکستان اور کرکٹ کی جیت ہوگی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579178

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں