سیالکوٹ۔10فروری (اے پی پی):آستانہ عالیہ عیدگاہ شریف راولپنڈی کے سجادہ نشین الحافظ پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور ﷺکی آمد سے ظلم کے اندھیرے اُجالوں میں بدل گئے، رحمت اللعالمین ﷺکی تشریف آوری سے ظلم و بربریت کا خاتمہ اور سکون واطمینان اور بھائی چارے کی فضاءکو فروغ نصیب ہوا۔وہ گزشتہ روز یہاں سیالکوٹ مراکیوال گرائونڈ میں محفل میلاد مصطفی ﷺکے ایک بہت بڑے اجتماع بسلسلہ ایصال ثواب صوبیدار محمد حسین ، سوار محمد اسلم شہید و ملک ارحم علی پٹواری مرحوم زیر اہتمام ملک نوید اصغر اعوان ، ملک ادیب اصغر اعوان ، ملک عقیل اصغر اعوان سے خطاب کررہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ حضورﷺکی آمد سے دنیا سے اندھیرا اور تاریکی ختم ہو گئی اور ہر طرف اجالاہوگیا ، پسماندہ اور معاشرے کے ستائے ہوئے افراد کو پرسکون زندگی گزارنے کاموقع ملا۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر صاحبزادہ محمد حسان حسیب الرحمن نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور کہا کہ محافل میلاد نبی کریم ﷺسے اظہار محبت کا ذریعہ ہیں، نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت سے انسانیت کی بھلائی و خیر کے دروازے کھلے، بھٹکی ہوئی انسانیت کی فلاح و کامرانی کا آغاز ہوا اور دنیا پر چھائے گمراہی کے بادل چھٹ گئے ۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی منانے کا مقصد اللہ تعالیٰ کا شکر بجالانا ہے کہ اس نے ہمیں اپنے حبیب حضرت محمد مصطفی ﷺ کی امت میں پیدا فرمایا، ہمیں نہ صرف اپنی زندگیوں کو سیرت رسول عربیﷺ کے مطابق ڈھالنا چاہئے بلکہ عزیز و اقارب اور دوست احباب کو بھی اس کی تلقین کرنی چاہئے تاکہ وہ بھی اپنی زندگیاں تعلیمات محمدی ﷺکے مطابق ڈھال سکیں، ہر مسلمان کےلئے نبی کریم ﷺ کی بعث کی خوشی کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ اپنا کھویا ہوا وقار تب ہی دوبارہ حاصل کرسکتی ہے جب وہ تعلیمات مصطفی ﷺپر عمل پیرا ہو اور خود کو دامن مصطفی ﷺسے جوڑے ۔محفل سے غلام مصطفی قادری کراچی ۔ الحاج ساجد قادری کراچی اور محمد حسین علی اعوان نے ہدیہ نعت بحضور سرور کونینﷺ پیش کئے۔ نقابت کے فرائض افتخار احمد رضوی نے سرانجام دیئے ۔
اس موقع پر آستانہ عالیہ حضرت خواجہ زندہ پیر رحمتہ اللہ علیہ گھمکول شریف کوہاٹ کے خلیفہ مجاز پیر صوفی مظہر حسین نقشبندی ، خلیفہ عیدگاہ شریف رانا ضمیر اختر،پیر فداالحق نقشبندی سہالیہ شریف، رکن قومی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی،ممبر پنجاب اسمبلی رانا محمد عارف ہرناہ ، چوہدری شاہد محمود وڑائچ (امریکہ)،چوہدری مقصود وڑائچ،چوہدری محمد اسحاق سابق ایم ایل اے ، حاجی جمیل بھٹی ، حاجی محمد لطیف گرین ایپل مارکی والے،ملک محمد اشرف نقیبی و دیگر بھیاس موقع پر یہاں موجود تھے ۔ محفل کے اختتام پر بذریعہ قرعہ اندازی 6 خوش نصیبوں کو عمرہ کے فری ٹکٹس اور 6 کو موٹر سائیکل دیئے گئے۔