سیالکوٹ۔ 13 اگست (اے پی پی):صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک اور میجر جنرل عمران خان بابر نے نئے تیار کردہ سیالکوٹ سپورٹس کمپلیکس میں جدید ترین آسٹروٹرف ہاکی سٹیڈیم اور فٹ بال گراؤنڈ کا افتتاح کیا،اور بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر میجر جنرل محمد عمران خان بابر نے حاضرین سے خطاب کیا اور نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور علاقے میں سپورٹس مین شپ کے کلچر کو فروغ دینے میں اس طرح کے جدید کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ سہولیات نہ صرف مقامی کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کریں گی بلکہ قومی کھیلوں کے میدان میں سیالکوٹ کا مقام بھی بلند کریں گی۔
صد سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے پاک فوج کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر سیالکوٹ کی تاجر برادری کے نوجوانوں اور کھیلوں کی ترقی میں معاونت کے وسیع اہداف سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور سیالکوٹ چیمبر کے ایسے منصوبوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا جو کمیونٹی کی مجموعی ترقی میں معاون ثابت ہوں۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے جذبے اور سیالکوٹ کے نوجوانوں کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے لیے پاک فوج اور سیالکوٹ چیمبر کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور سیالکوٹ کے کھلاڑیوں کے لیے 14 اگست کا تخفہ ہے اور نئے افتتاحی آسٹروٹرف سٹیڈیم میں ہاکی کا افتتاحی میچ سیالکوٹ سپورٹس کمپلیکس میں ایک متحرک اور فعال کھیلوں کے کیلنڈر کے لیے موزوں آغاز ہے۔