سیالکوٹ کے نواحی علاقے راجہ ہرپال کنگرہ روڈ پر قائم منی پٹرول پمپ پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں آئل ٹینکر، پٹرول ری فلنگ مشین، ٹیوٹا کار اور رکشہ جل کر راکھ ہو گئے جبکہ جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی
سیالکوٹ میں پٹرول پمپ پر آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹل گیا، ترجمان

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 05 جون (اے پی پی):سیالکوٹ کے نواحی علاقے راجہ ہرپال کنگرہ روڈ پر قائم منی پٹرول پمپ پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں آئل ٹینکر، پٹرول ری فلنگ مشین، ٹیوٹا کار اور رکشہ جل کر راکھ ہو گئے جبکہ جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر سے سٹوریج ٹینک میں پٹرول منتقل کرنے کے دوران اچانک چنگاری اٹھنے سے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پٹرول پمپ کے احاطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریباً 30 منٹ کے اندر آگ پر قابو پا لیا۔ ریسکیو اہلکاروں کی بروقت کارروائی کے باعث آگ کو قریبی آبادی اور دیگر املاک تک پھیلنے سے روک لیا گیا، جس سے ایک بڑے حادثے کا خطرہ ٹل گیا۔ ریسکیو 1122 حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آتش گیر مواد کی منتقلی اور ذخیرہ کرنے کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔








