سیالکوٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات روکنے کی درخواست پر کارروائی ملتوی

لاہور ہائیکورٹ نے سیالکوٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات روکنے کے لیے دائر درخواست پر فریقین کو متعلقہ عدالتی فیصلوں اور دستاویزات ریکارڈ پر لانے کی مہلت دیتے ہوئے مزید کارروائی ملتوی کر دی

لاہور۔30جون (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے سیالکوٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات روکنے کے لیے دائر درخواست پر فریقین کو متعلقہ عدالتی فیصلوں اور دستاویزات ریکارڈ پر لانے کی مہلت دیتے ہوئے مزید کارروائی ملتوی کر دی۔جسٹس احمد ندیم ارشد نے سیالکوٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر فیصل ملک کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران پی سی بی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سول کورٹ کے حکمِ امتناع کے باعث سیالکوٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے کل ہونے والے انتخابات پہلے ہی ملتوی ہو چکے ہیں۔ اس پر درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے حالیہ فیصلے کو بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا مذکورہ عدالتی فیصلہ درخواست کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ وہ فیصلے کی نقل فوری طور پر عدالت میں پیش کر دیتے ہیں۔عدالت نے پی سی بی کے وکیل کو بھی ہدایت کی کہ سول کورٹ کے حکمِ امتناع کی مصدقہ نقل عدالت میں جمع کرائی جائے۔ عدالت نے فریقین کو متعلقہ عدالتی فیصلے اور دیگر دستاویزات فراہم کرنے کی مہلت دیتے ہوئے مزید کارروائی ملتوی کر دی۔