سیالکوٹ یونیورسٹی کے طلبہ نے قومی اسمبلی کا مطالعاتی دورہ کیا ، ترجمان

سیالکوٹ یونیورسٹی کے شعبہ پولیٹکس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیر اہتمام طلبہ نے اسلام آباد میں قومی اسمبلی کا مطالعاتی دورہ کیا۔

سیالکوٹ۔ 31 اگست (اے پی پی):سیالکوٹ یونیورسٹی کے شعبہ پولیٹکس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیر اہتمام طلبہ نے اسلام آباد میں قومی اسمبلی کا مطالعاتی دورہ کیا۔

ترجمان یونیورسٹی کےمطابق دورہ کا مقصد طلبہ کو پارلیمانی جمہوریت، قانون سازی کے عمل آئینی طرز حکمرانی کے عملی پہلوؤں سے روشناس کرانا تھا۔اس موقع پر طلبہ نے قومی اسمبلی کی کارروائی کا مشاہدہ کیا اور ملک کے پارلیمانی نظام کے عملی طریقہ کار کو قریب سے سمجھنے کا موقع حاصل کیا۔ طلبہ کو قانون سازی کے مختلف مراحل، جمہوری اداروں کے کردار اور آئینی حکمرانی کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی گئی۔

مطالعاتی دورے کے دوران طلبہ نے پارلیمانی نظام سے متعلق اپنی علمی معلومات کو عملی تجربے سے جوڑا، جس سے ان کی سیاسی و جمہوری شعور میں مزید اضافہ ہوا۔شعبہ پولیٹکس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے مطابق ایسے مطالعاتی دورے طلبہ کی تعلیمی و تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ انہیں ملک کے اہم جمہوری اداروں کے کام اور ذمہ داریوں کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔ طلبہ نے قومی اسمبلی کے دورے کو ایک مفید اور معلوماتی تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں پارلیمانی جمہوریت اور شہری و سیاسی ذمہ داریوں بارےعملی فہم حاصل ہوئی۔