اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے اسلام آباد میں پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان کی گاڑی پر پی ٹی آئی کے غنڈوں کی جانب سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شرپسندوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملہ آوروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور ان کے خلاف مقدمہ بنا کر قانونی کارروائی کی جائے۔
سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ جس طرح سے پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر کو ہراساں کیا گیا وہ قابل مذمت ہے اور انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر ان بلوائیوں کو گرفتار کرے۔سیکرٹری جنرل پی پی پی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے عہدیداروں اور کارکنوں کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہے اور حملہ آوروں کو متنبہ کرتی ہے کہ وہ ایسی حرکتوں سے باز آجائیں۔