اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری اور ایڈیشنل سیکریٹری جنرل راجہ منصور نے ملاقات کی۔پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے اس موقع پرہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں 3 اگست تک پی ٹی آئی کشمیر کی تمام تنظیمیں یو سی لیول تک مکمل کر لی جائیں تاکہ دیگر امور پر توجہ مرکوز کی جا سکے۔ کیونکہ اگلے سال آزاد کشمیر میں انتخابات کا سال ہے اور اسلئے آزاد کشمیر میں پارٹی کے سارے کارکن تنظیمی امور مکمل کریں تاکہ دیگر امور کو آگے بڑھایا جا سکے۔ اس موقع پر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی تنظیم کافی عرصے سے بن چکی ہے اسلئے اب اسے گراس روٹ تک مکمل کرکے پارٹی کو مزید منظم کیا جاسکے۔ اس موقع پر سیف اللہ خان نیازی اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے درمیان مسئلہ کشمیر، مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے بھارتی مظالم اور آزاد کشمیر کی تیزی سے بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اوردیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔