لاہور۔25نومبر (اے پی پی):پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی بھی سموگ کے تدارک کیلئے متحرک ہے۔ ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ہفتہ کو بتایاکہ لاہور میں دھواں چھوڑتی گاڑیوں، چمنیوں، بھٹوں اورکوڑے کو آگ لگانے والوں کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے130مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے،95دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی اطلاع فیلڈ فورس کو دی گئی، 21مقامات پر کوڑے کو آگ لگانے والوں کی رپورٹ متعلقہ محکموں کو بھجوائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کیمروں کی مدد سے 16مقامات پر دھواں چھوڑنے اور سموگ کا باعث بننے وا لے عناصر کی نشاندہی کی گئی، لاہور کے داخلی وخارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد سموگ پھیلانے والوں کی اطلاع ایمرجنسی 15پر دیں۔