سیلابی لہروں میں پھنسے بچوں کوبچاکرپاک بحریہ،اسلام آباد ضلعی انتظامیہ،پولیس اورریسکیو 1122 کےعملےنےفرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی ہے،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے کورنگ نالہ میں سیلابی لہروں میں پھنسے چار کم سن بچوں کو بچانے پر ریسکیو ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 کے عملے نے فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔

منگل کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ طوفانی سیلابی ریلے میں ریسکیو کے عملے نے جس جانفشانی، چابکدستی، مہارت اور دلیری کا مظاہرہ کیا ہے اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شدید موسمی حالات میں والدین اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، اللہ کا شکر ہے کہ کوئی حادثہ نہیں ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ راولپنڈی سمیت ملک بھر کی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں اسلام آباد کی ٹیم کی مثال کی تقلید کریں، یہ واقعہ سب کے لئے مثال ہے کہ اگر ہم اسی طرح ٹیم ورک، محنت اور جانفشانی سے کام کریں گے تو ان شاء اللہ مشکلات کے طوفانی ریلوں سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال میں قومی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے ساتھ اپنے اہل وطن کی مدد کریں