اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزارت انسانی حقوق کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ سینئر سیٹزن ایکٹ 2021 پر عمل درآمد کے لئے رولز کو حتمی شکل دی جارہی ہے ، وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں یہ رولز منظوری کے لئے پیش کر دیئے جائیں گے ۔ جمعہ کو قومی اسمبل میں وقفہ سوالات کے دوران سید آغا رفیع اللہ کے سوال پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری انسانی حقوق صباء صادق نے بتایا کہ حکومت سینئر سٹیزن کے معاملات میں ذیادہ دلچسپی ہے ،رولز کی تیاری ،متعلقہ اداروں کی سفارشات کے لئے اس میں تھوڑی تاخیر ہوئی ہے، اس ضمن میں کونسل تشکیل دیدی گئی ،یہ کونسل رولز کو حتمی شکل دے گی ۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں رولز منظور کرائیں گے ، سینئر سیٹزن ہمارے لئے بہت اہم ہیں۔سید رفیع اللہ نے ضمنی سوال میں کہا کہ رولز کی تیاری کے لئے حکومت یقین دہانی کرادے جس پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ایوان کو یقین دہانی کراتی ہوں کہ اس اہم ایشو کو جلد از جلد حل کر لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سینئر سیٹزن کے لئے الگ سے مکمل سسٹم بنائیں جس میں ایک اچھا ماحول ہو، تخلیقی مواقع اور گروپس بن سکیں ۔
ضمنی سوال میں ڈاکٹر ثوبیہ نے کہا کہ پنجاب میں تین خواتین کا قتل ہوا کیا وزارت پنجاب سے رپورٹ مانگے گی۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ کسی بھی جگہ پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی رپورٹ ہوتی ہے تو انسانی حقوق کے ریجنل دفاتر متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر کام کرتے ہیں ۔وفاقی سطح پر ادارہ اس پورے عمل کو مانیٹر کرتا ہے جہاں خلاف ورزی ہو اس کو نہ صرف روکتا ہے بلکہ مکمل انصاف فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔