اسلام آباد ۔ 2 جنوری (اے پی پی) سینئر صحافی مسعود ملک کی صحافتی شعبہ کے لئے خدمات قابل قدر ہیں، ان کی جدوجہد اور سچ بولنے اور لکھنے کے عمل کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کے انتقال سے صحافتی برادری بہترین دوست اور ایک کہنہ مشق صحافی سے محروم ہو گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار شرکاء نے سینئر صحافی و سابق منیجنگ ڈائریکٹر 'اے پی پی' …
سینئر صحافی مسعود ملک کے تعزیتی ریفرنس سے شرکا کا خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 2 جنوری (اے پی پی) سینئر صحافی مسعود ملک کی صحافتی شعبہ کے لئے خدمات قابل قدر ہیں، ان کی جدوجہد اور سچ بولنے اور لکھنے کے عمل کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کے انتقال سے صحافتی برادری بہترین دوست اور ایک کہنہ مشق صحافی سے محروم ہو گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار شرکاء نے سینئر صحافی و سابق منیجنگ ڈائریکٹر ‘اے پی پی’ مسعود ملک کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تعزیتی ریفرنس کا انعقاد جمعرات کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہوا۔ جس میں سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ پروگرام کی میزبانی نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل قرار نے کی۔ اس موقع پر مرحوم کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی جبکہ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس میں مرحوم مسعود ملک کی صحافتی شعبہ میں پیشہ ورانہ قدر گراں خدمات کو سراہتے ہوئے صحافی برادری کیلئے ایک مثال قرار دیا گیا۔ صدر نیشنل پریس کلب شکیل قرار نے کہا کہ مسعود ملک کی زندگی اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، صحافتی شعبہ میں ان کی خدمات اور جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہے ، مسعود ملک تادم ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے مسعود ملک صحافتی شعبہ کا ایک اہم اثاثہ تھے جن کی صحافتی خدمات قابل ستائش ہیں، انہوں نے ہمیشہ حق وسچ کی بات کی اورحیرت کی بات ہے کہ معاشرے میں سوال کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسعود ملک کے جانے کے غم میں صحافی برادری اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ اس گہرے دکھ میں برابر شریک ہیں، صحافت ایک ایسا شعبہ ہے اس سے وابستہ لوگ خبر کی تلاش اور قوم کو باخبر رکھنے میں اپنی پوری زندگی گزار دیتے ہیں مگر ان کی خدمات کا صلہ صحیح معنوں میں نہیں ملتا۔ سابق آئی جی ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ مرحوم مسعود احمد ملک کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انہوں نے قلم کی پاسداری قائم رکھی اور قابل ستائش بات یہ ہے کہ پریس کلب نے ان کے لئے تعزیتی ریفرینس کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر مرحوم کے دوست امجد قمر کاکہنا تھا کہ مرحوم پہ کئی بار مشکل وقت آیا لیکن انہوں نے ہمت سے کام لیا۔ مرحوم کے بیٹے منہاج مسعود نے بتایا کہ وہ نہ صرف اچھے باپ اور شوہر تھے بلکہ انتہائی فرمانبردار بیٹے بھی تھے۔ صحافیوں کی کثیر تعداد جس میں سابق انفارمیشن سیکرٹری اشفاق گوندل، سابق ایم ڈی اے پی پی رائے ریاض، حافظ طاہر خلیل، میاں جہانگیر، حاجی نواز رضا، فاروق فیصل خان، پرویز شوکت، فوزیہ شاہد،شمشاد مانگٹ، صالح ظفر، محسن رضا،سابق صدر پریس کلب شہر یار خان ، شیخ وحید، عتیق الرحمان، ڈاکٹر سعدیہ کمال کے علاوہ ان کے بھائی شہزاد ملک، بیٹے مہناج مسعود اور محد مسعود نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مسعود ملک کے قریبی ساتھیوں نے ان کے ساتھ گزرے اچھے لمحات کو یاد کیا اور انکی زندگی کے اہم پہلوئوں پر بھی روشنی ڈالی۔








