سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کی افغانستان کے مشران جرگہ کے ارکان پر مشتمل پارلیمانی وفد سے گفتگو

139

اسلام آباد ۔ 28 اگست (اے پی پی) میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دیر پا امن ضروری ہے۔ مضبوط اور خوشحال پاکستان نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشائی خطے کی ضرورت ہے۔کیونکہ افغانستان میں امن سے علاقائی امن وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان کے مشران جرگہ کے ارکان پر مشتمل پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹرز بیرسٹر محمد علی سیف، سجاد حسین طوری، ہدایت اللہ اور پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج روغانی بھی قائد ایوان سینیٹ کے ہمراہ تھے۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے افغان وفد کے اعزاز میں ایوان بالا کی جانب سے ظہرانہ بھی دیا گیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارت اور معاشی روابط کو مزید مضبوط بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دیر پا امن کے قیام کا خواہش مند ہے۔ جس کے لئے پاکستان کی کوئی پسند نا پسند نہیں ہے اور افغانستان کے لوگوں کو اپنے ملک میں قیام امن کیلئے خود کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے جاری مذاکرات کا خیر مقدم کرتا ہے اور اس سے اچھے نتائج کی توقع ہے۔