سینیٹ کے وفد کی برطانوی پارلیمنٹیرینز سے ملاقات، متعلقہ پارلیمانی ڈھانچے بارے باہمی مفاہمت پر اتفاق

122

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):پاکستان کے ایوان بالا کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے لندن میں لارڈ قربان حسین اور برطانوی رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی سے تعمیری اور خوشگوار ملاقات کی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر خالدہ عطیب، سینیٹر عابدہ عظیم، سینیٹر کیشو بائی اور ایڈیشنل سیکریٹری حفیظ شیخ پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے برطانوی اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیااور دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر زور دیا گیا ۔

وفد نے پاکستان کے انتخابی نظام کا ایک جامع جائزہ پیش کیاجس میں بتایا گیا کہ پاکستانی پارلیمان میں خصوصی نشستوں کے ذریعے خواتین کی نمائندگی پر توجہ دی گئی۔ برطانوی پارلیمنٹیرینز نے برطانوی ہائوس آف لارڈز کا رکن بننے کے عمل،پارلیمانی اور انتخابی نظام کے اہم پہلوئوں بارے بریف کیا۔ ملاقات میں متعلقہ پارلیمانی ڈھانچے کے بارے میں باہمی مفاہمت پر اتفاق ہوا۔

رہنمائوں نے بین الپارلیمانی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دونوں پارلیمانوں کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ سینیٹ کے وفد نے اس ملاقات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مثبت پیش رفت کو مزید مضبوط کرنے کی امید کا اظہار کیا۔