سیکرٹری خارجہ نے او پی سی ڈبلیو کے وفد کا استقبال کیا، کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن پر مکمل اور موثر عملدرآمد کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ

سیکرٹری خارجہ نے او پی سی ڈبلیو کے وفد کا استقبال کیا، کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن پر مکمل اور موثر عملدرآمد کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ نے وزارت خارجہ میں دورہ پاکستان پر آئے او پی سی ڈبلیو (OPCW) کے وفد کا استقبال کیا اور کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن (سی ڈبلیو سی) پر مکمل اور موثر عمل درآمد کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔منگل کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس سے قبل ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ و ترجمان سفیر طاہر اندرابی نے وفد کو کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن پر پاکستان کے عمل درآمد، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلائو سے متعلق وسیع تر ترجیحات اور او پی سی ڈبلیو کے اندر پاکستان کے تعمیری کردار اور فعال تعاون کے بارے میں بریفنگ دی۔

یہ وفد 16 ممالک سے تعلق رکھنے والے 19 ممتاز ماہرین اور نمائندوں پر مشتمل ہے جو ’’کیمسٹری کے پرامن استعمال سے متعلق فورم‘‘ میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں موجود ہیں۔ یہ فورم 30 جون سے 2 جولائی 2026ء تک منعقد ہو رہا ہے۔پاکستان اور او پی سی ڈبلیو کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن کے آرٹیکل XI کے تحت مشترکہ طور پر منعقد کیے جانے والے اس فورم کا مقصد کیمیائی تحفظ اور سلامتی، کیمیکلز کے مربوط انتظام، سائنسی تحقیق میں ذمہ دارانہ طرز عمل اور کیمسٹری کے پرامن استعمال کے فروغ کے لیے بین الاقوامی ماہرین اور علاقائی نمائندوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

 

مزید خبریں