سیکرٹری صحت بلوچستان کا سندس فاؤنڈیشن لاہور کا دورہ، کوئٹہ میں سنٹر قائم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال

92

کوئٹہ۔ 27 جنوری (اے پی پی):سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن پانیزئی نے سندس فاؤنڈیشن لاہور کا دورہ کیا ۔انہوں نے فاؤنڈیشن کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور تھلیسیمیا اور ہیموفیلیا میں مبتلا بچوں سے ملاقات کی۔ سندس فاؤنڈیشن لاہور کے ڈائریکٹر خالد عباس ڈار نے سیکرٹری ہیلتھ بلوچستان کو تنظیم کی خدمات اور کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان گیلانی نے بتایا کہ سندس فاؤنڈیشن سالانہ 7,000 سے زائد مریضوں کو معیاری اور مفت علاج فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم کا مقصد ہر بچے کو علاج کی سہولت دینا ہے تاکہ کوئی بھی بچہ علاج سے محروم نہ رہ جائے۔ سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن پانیزئی نے سندس فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فاؤنڈیشن سماجی بھلائی کے لیے ایک شاندار مثال ہے۔انہوں نے کوئٹہ میں سنٹر قائم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے تھلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے خلاف خدمات انجام دینے والی ٹیم کی محنت کو خراج تحسین پیش کیا اور یقین دلایا کہ بلوچستان میں سینٹر کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ دورے کے دوران فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر فنانس علی رؤف، مینیجر مارکیٹنگ کمیونیکیشن، پی آر اور میڈیا عمران مہر اور میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان گیلانی سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔