فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے سیکٹرایف ۔ 14 اورایف ۔ 15 کی بروقت تکمیل، ترقیاتی کاموں میں تیزی اور شفاف انتظامی امور کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے طویل عرصے سے نادہندہ الاٹیز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
سیکٹر ایف۔ 14 اورایف ۔ 15 میں نادہندہ الاٹیز کے خلاف کارروائی، 6 پلاٹس کی الاٹمنٹ منسوخ

مزید خبریں
اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے سیکٹرایف ۔ 14 اورایف ۔ 15 کی بروقت تکمیل، ترقیاتی کاموں میں تیزی اور شفاف انتظامی امور کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے طویل عرصے سے نادہندہ الاٹیز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ہائوسنگ اتھارٹی کے مطابق وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ، سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود اور ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی ہدایات کے تحت سیکٹر ایف ۔ 14 اورایف ۔ 15 کو جدید، ماحول دوست اور پائیدار رہائشی منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے ترقیاتی سرگرمیاں تیز کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں الاٹیز کے مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے مسلسل اجلاسوں اور فیلڈ وزٹس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اتھارٹی نے ان تمام الاٹیز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی واجب الادا اقساط بروقت جمع کرا کے منصوبے کی ترقی میں تعاون کیا تاہم اتھارٹی کے مطابق بعض الاٹیز سال 2016 سے مسلسل اقساط کی ادائیگی میں ناکام رہے اور متعدد مواقع دیئے جانے کے باوجود انہوں نے کوئی رقم جمع نہیں کرائی۔اس صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایگزیکٹو بورڈ کی ہدایات پر قائم خصوصی کمیٹی نے تمام ریکارڈ، قواعد و ضوابط اور قانونی تقاضوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمیٹی کی سفارشات اور قانونی و انتظامی کارروائی مکمل ہونے کے بعد 6 ایسے پلاٹس کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہےجن کے مالکان گزشتہ دس برس سے اپنی مالی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے تھے۔
ہائوسنگ اتھارٹی کے مطابق یہ فیصلہ مکمل شفافیت، میرٹ اور مروجہ قوانین کے مطابق کیا گیا ہے تاکہ منصوبے کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے اور ذمہ دار الاٹیز کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔اتھارٹی نے سیکٹر ایف۔ 14 اورایف ۔ 15 کے تمام الاٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اقساط بروقت جمع کرائیں، بصورت دیگر نادہندہ الاٹیز اور پلاٹس کی فہرستیں تیار کر کے قانون کے مطابق ان کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کی جا سکتی ہے۔فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام انتظامی و ترقیاتی امور میں شفافیت، میرٹ اور عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا اور سیکٹر ایف۔ 14 اورایف ۔ 15 کو جلد مکمل کر کے الاٹیز کو پلاٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔








