سی ای او محمد حفیظ اللہ کا ریلوے کے پرنسپل اور ڈپٹی پرنسپل افسران سے ملاقات

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد حفیظ اللہ نے ریلوے کے پرنسپل اور ڈپٹی پرنسپل افسران سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دو ماہ پاکستان ریلویز کے لیے انتہائی اہم ہیں اور ادارے کو اپنے آمدن کے اہداف ہر صورت مکمل کرنا ہوں گے

لاہور۔29اپریل (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد حفیظ اللہ نے ریلوے کے پرنسپل اور ڈپٹی پرنسپل افسران سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دو ماہ پاکستان ریلویز کے لیے انتہائی اہم ہیں اور ادارے کو اپنے آمدن کے اہداف ہر صورت مکمل کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک کے ذریعے تمام اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا اور ریلوے میں بہتری لانے کے لیے تمام افسران ایک دوسرے کی معاونت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام افسران کو واضح اہداف دے دئیے گئے ہیں، جن کے حصول کے لیے باہمی تعاون ناگزیر ہے۔محمد حفیظ اللہ نے کہا کہ ریلوے حادثات پر قابو پاتے ہوئے مسافروں کے لیے محفوظ ترین سفر یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے گرمی کے موسم میں پاور وین اور اے سی سے متعلق مسائل کو بھی ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔سی ای او پاکستان ریلویز نے بتایا کہ ادارہ اب تک 84ارب روپے کی آمدن حاصل کر چکا ہے اور پہلی بار ایک کھرب روپے سے زائد آمدن کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ٹیم نے بھی بہترین کام کیا اور ریلوے کی بہتری کے لیے مضبوط بنیاد رکھی جس پر مزید تعمیر و ترقی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم اور وزیر ریلوے کے ویژن کے مطابق پاکستان ریلویز کو بہترین سروسز فراہم کرنے والا جدید اور موثر ادارہ بنایا جائے گا۔