اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) خطےکی ترقی اور خوشحالی کا اہم منصوبہ ہے، اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور دوستی کےبرادرانہ رشتے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے یہ بات بدھ کو یہاں چین کی سی این این سی کارپوریشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد کی قیادت سی این این سی کے اوورسیز صدر ژانگ گو لیانگ کررہے تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔
چینی کارپوریشن کے صدر نے وزیر خزانہ کو سی پیک پراجیکٹس میں اپنی کارپوریشن کے منصوبوں بارے رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر گہرے رنج و غم اور ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے امداداور بحالی کے کاموں میں تعاون کی پیشکش بھی کی۔ وزیرخزانہ نے سی پیک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ یہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی وخوشحالی کا اہم منصوبہ ہے،اس منصوبے سے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات اور دوستی کے برادرانہ رشتے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے امدادی سرگرمیوں میں سی این این سی کی حمایت و تعاون کا خیرمقدم کیا۔