سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں، چین

بیجنگ۔29مارچ (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) کی اعلیٰ معیار کی ترقی اور پائیدار سماجی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ بیجنگ میں معمول کی بریفنگ میں چینی وزارت خارجہ کی ترجمان مائو ننگ نے کہا کہ سی پیک پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے جس سے پاکستان میں توانائی کے ڈھانچے اور توانائی کی سیکیورٹی کی بہتری میں مدد ملے گی۔

ترجمان نے تھرکول بلاک ون کول اکسیر سٹی پراجیکٹ بارے پاکستان کے وزیر اعظم کے اِس بیان کو سراہا جس میں انہوں کہا کہ یہ منصوبہ ریت کے ٹیلوں کو توانائی کے ذریعے میں تبدیل کر دے گا۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ اِس منصوبے سے ملک بھر کو بجلی کی ترسیل ہو گی ،اس سے ملکی معیشت کو ترقی ملے گی اور لوگوں کو روز گار کے مواقع فراہم ہوں گے۔