سی پیک کے تحت کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ نے پاکستان میں محفوظ آپریشن کا ایک سال منایا

سی پیک کے تحت کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ نے پاکستان میں محفوظ آپریشن کا ایک سال منایا

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی): چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے تحت کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ نے پاکستان میں محفوظ آپریشن کا ایک سال منایا، جس میں مجموعی طور پر 3.64 بلین کلو واٹ گھنٹے بجلی پیدا کی جا رہی ہے جو تقریباً 1.59 ملین ٹن معیاری کوئلے کی بچت اور تقریباً 3.98 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنے کے برابر ہے، منصوبہ کے تحت 1.74 ارب ڈالر کی لاگت کے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 720 میگا واٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے ، پاکستانی حکومت اس پروجیکٹ کو گرین انرجی میں تبدیل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

چائنا تھری گورجز ساؤتھ ایشیا انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے حکام نے اے پی پی کو بتایاکہ بیلٹ اینڈ روڑ انشی ایٹیو کے تحت سی پیک منصوبہ کے تحت پاکستان کا کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل سے 5 ملین کی آبادی کو کلین اینڈ گرین انرجی کی فراہمی یقینی ہو گئی ہے۔ منصوبہ دریائے جہلم (پنجاب؍آزاد کشمیر) کے مقام پر واقع ہے ، اس سے مقامی لوگوں کو روزگار کے 5 ہزار کے قریب مواقع میسر آئے ہیں۔کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ 7 سال کی قلیل مدت میں 29 جون 2022 کو مکمل ہو کر فعال ہے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران چائنا تھری گورجز کارپوریشن نے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کو پوری کیں۔انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کے مقامی علاقے میں 20 سے زیادہ عوامی بہبود کے منصوبے بنائے ہیں، جن میں سکول، ہسپتال اور سڑکیں شامل ہیں،

حیاتیاتی تنوع کا تحفظ کیا ہے اور پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران ہر سال 4,500 سے زیادہ مقامی ملازمتیں براہ راست یا بالواسطہ فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے اپنے سکالرشپ پروگرام کے تحت 33 طلبا کو چینی اور پاکستانی یونیورسٹیوں میں مشترکہ طور پر اپنی انڈرگریجویٹ تعلیم مکمل کرنے کے لیے سپانسر کیا ہے۔ پاکستانی حکومت کے نمائندوں، کمیونٹی کے ارکان، اساتذہ اور پرائمری اسکول کے طلبا کا کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورے کروائے گئے۔ 720 میگاواٹ کی کل نصب صلاحیت اور 3.2 بلین کلو واٹ گھنٹہ کی سالانہ پیداواری صلاحیت کے ساتھ، کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سے 1.4 ملین ٹن معیاری کوئلے کی بچت اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں ہر سال 3.5 ملین ٹن کمی ہوئی ہے۔

کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پاک چین دوستی کی واضح مثال ہے۔ چائنا تھری گورجز کارپوریشن توانائی تعاون کے اہداف پر عمل درآمد جاری رکھے گی، پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مزید سبز توانائی فراہم کرے گی، مقامی لوگوں کو مزید فوائد پہنچائے گی اور بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ کمیونٹی کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کرے گی۔ کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ آپریشن ٹیم نے ادارہ جاتی نظام اور پیداوار کے انتظام کے نظام کو قائم کرنے کے لیے’’تھری گورجز اسٹینڈرڈز‘‘ کی بنیاد پر ابتدائی تیاری کی۔ انہوں نے یونٹ کمیشننگ، انسٹالیشن، اور ٹیسٹنگ سے آپریشنل مینجمنٹ میں کامیابی سے ہموار منتقلی حاصل کی۔

بجلی کی پیداوار کے مکمل طور پر شروع ہونے کے بعد سے، انہوں نے حفاظتی پیداوار کے انتظام کے نظام میں مسلسل بہتری لائی ہے، پلانٹ کے محفوظ اور مستحکم آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے 100 سے زیادہ ضوابط، طریقہ کار اور آپریشنل رہنما خطوط پر عمل درآمد کیا ہے۔ اس وقت پاکستان کو شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی زبردست مانگ کا سامنا ہے۔ کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے چار یونٹ پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں، جو مقامی سماجی اور اقتصادی پائیدار ترقی کی حمایت کے لیے مسلسل صاف توانائی فراہم کر رہے ہیں۔ یہ کوشش بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے اعلیٰ معیار کی ترقی میں سبز رفتار کو داخل کرتی ہے، جس سے پاکستان کی توانائی کی حفاظت کو مزید مستحکم کیا جاتا ہے۔