سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ترقی، ہنرمندی و روزگارسمیت ٹیکنالوجی اور انسانی سرمائے کی ترقی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی ، احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ترقی

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ترقی، ہنرمندی و روزگار، تعلیم، جدت، سبز ترقی، ٹیکنالوجی اور انسانی سرمائے کی ترقی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، پاکستان اور چین مشترکہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے فطری شراکت دار ہیں۔ وہ نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے زیر اہتمام ’’سی پیک 2.0 اور پاکستان چین تزویراتی شراکت داری‘‘ کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر نے موجودہ دور کو تیز رفتار تکنیکی ترقی کے نتیجے میں پیدا ہونے والا ’’علمی انقلاب‘‘ قرار دیتے ہوئے سی پیک کی تزویراتی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار ترقی کے لئے امن و سلامتی، سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور ساختی اصلاحات ناگزیر ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 10 ہزار پاکستانی نوجوانوں کو چینی جامعات میں ابھرتے ہوئے علوم کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ زراعت کے شعبے میں بھی تربیتی مواقع بڑھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ’’بنو شاہین‘‘ پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ علامہ اقبال کے شاہین کی روح کو اپنائیں۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم جاوید نے اپنے خطاب میں سی پیک راہداریوں کی تزویراتی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ساتھ پاکستان کی اپنی تکنیکی، ادارہ جاتی اور پیداواری صلاحیتوں کو بھی مضبوط بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک 2.0 پہلے مرحلے کی کامیابیوں اور بنیاد پر استوار ہے جبکہ پاکستان کے معاشی اور ادارہ جاتی نظام کو چین کی بدلتی ہوئی ترجیحات سے ہم آہنگ رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک 2.0 رابطہ کاری سے مسابقت کی جانب منتقلی کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان کے لئے چیلنج یہ ہے کہ وہ اس تبدیلی سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی داخلی استعداد کو مؤثر انداز میں تیار کرے۔کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں ریکٹر نمل میجر جنرل (ر)شاہد محمود کیانی، ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر محمد رفیق خان، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز قومی ترانے اور تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد فیکلٹی آف سوشل سائنسز نمل کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ریاض شاد نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ اختتامی کلمات میں ریکٹر نمل میجر جنرل (ر)شاہد محمود کیانی نے شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عملی زندگی میں علامہ اقبال کے افکار و تعلیمات کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ کانفرنس میں چھ متوازی سیشنز بھی منعقد ہوں گے جن میں گروتھ کوریڈور، علاقائی رابطہ کاری کوریڈور، گرین کوریڈور، جدت کوریڈوراور ذریعہ معاش کوریڈور سمیت مختلف موضوعات پر غور کیا جائے گا۔ کانفرنس کل بدھ کوبھی جاری رہے گی۔

 

مزید خبریں