سی پی او راولپنڈی کی سربراہی میں جرائم کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس،متعلقہ افسران کو سخت احکامات

121

راولپنڈی ۔19نومبر (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی سربراہی میں جرائم کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع بھر کے تمام افسران کو سخت احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ راولپنڈی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی لائی جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

منگل کو پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کارکردگی کاجائزہ لیا ۔سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ جیل سے رہا ہونے والے عادی مجرمان پرکڑی نظر رکھی جائے، سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے، مربوط حکمت عملی کے تحت موثر پٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کی جائے، شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اولین ترجیح ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔