اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) اور کھیلوں کی تنظیموں کے زیر اہتمام جشن آزادی کو بھر پور اور شایان شان طریقے سے منانے کےلئے (کل) پیر سے مختلف مقابلوں کا آغاز ہوگا۔ سی ڈی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اینڈ کلچر ثناءاللہ امان نے کہا کہ جشن ِ آزادی کے سلسلے میں رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ ساتھ 14 اگست کو ایک آزادی سائیکل ریس کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی سے سائیکلسٹ شرکت کریں گے۔ یہ ریس آرٹس اینڈ کرافٹ ویلج سے شروع ہو کر زیرو پوائنٹ اور آئی ایٹ انٹر چینج سے گذر کر براستہ گارڈن ایونیو آرٹس اینڈ کرافٹ ویلج پر ہی اختتام پذیر ہو گی۔