اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے کے سپورٹس اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ نے اسلام آباد میں کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے ایک نئے اقدام کا آغاز کیا ہے جسکے تحت پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان بالخصوص ابھرتے ہوئے کرکٹرز کیلئے 2 روزہ اوپن ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اوپن ٹرائلز کے انعقاد کا مقصد گریڈ II لیول کرکٹ کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کرنا ہے،نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل 2 ٹیموں منتخب کی جائیں گی جنکے انتخاب میں یاسر حمید ، مجاہداورراحیل جیسے نامور کرکٹر شامل ہیں۔ انتخاب کے بعد سی ڈی اے کی دونوں ٹیموں کے درمیان میچز کروائے جائیں گے جن میں سے بہترین کھلاڑیوں کو سی ڈی اے اسلام آباد کی کرکٹ ٹیم کے طور پر منتخب کیا جائے گا اور یہ ٹیم گریڈ II لیول میں سی ڈی اے کی نمائندگی کرے گی۔
ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دو روزہ اوپن ٹرائلز 6 اپریل اتوار کو نیشنل کرکٹ گراؤنڈ F-7 مرکز، اسلام آباد میں صبح 9:00 بجے سے شام 4:00 بجے تک منعقد ہورہے ہیں۔واضح رہے یہ کاوشیں آئندہ منعقد ہونے والی صدر ٹرافی گریڈ 11, 2025 ٹیلنٹ ہٹ پروگرام کا حصہ ہیں۔ صدر ٹرافی گریڈ 11, 2025 ٹیلنٹ ہٹ پروگرام کے تحت ان کھلاڑیوں کو ترجیح دی گئی جنہوں نے گزشتہ تین سالوں کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ، فرسٹ کلاس کرکٹ، گریڈ-II کرکٹ، ڈسٹرکٹ کرکٹ/سی سی اے کرکٹ، ڈویژن کرکٹ، پاکستان انڈر-19، پاکستان شاہینز، پاکستان ‘اے’ ٹیم یا نیشنل انڈر-19 میں حصہ لیا ہو. علاوہ ازیں وہ کھلاڑی جو کاؤنٹی کرکٹ (فرسٹ کلاس لیول) کھیل چکے ہوں وہ بھی ٹیم کیلئے منتخب کئے جاسکتے ہیں۔
کھلاڑیوں کو پی سی بی کی پالیسی کے مطابق فٹنس ٹیسٹ دینا ہوگا اور صرف وہی کھلاڑی ٹرائلز میں حصہ لینے کے اہل ہونگے جو یہ ٹیسٹ پاس کریں گے۔سی ڈی اے تمام دلچسپی رکھنے والے کھلاڑیوں سے درخواست کرتی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ وقت اور مقام پر بمعہ دستاویزات موجود رہیں. مزید معلومات کیلئے سی ڈی اے کے ڈائریکٹر اسپورٹس کے دفتر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے.
ٹرائل کے لیے آنے والے کھلاڑیوں نے چیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا انہیں میرٹ پر ٹرائل میں شریک ہونے اور اپنی کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے کا یہ اقدام نوجوان اور پرجوش کرکٹرز کو ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشاں ہے
تاکہ نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے ،مقابلہ کے زریعے اپنی کارکردگی کی بنیاد پرمنتخب ہو سکیں بلکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا بھی منوا سکیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے تمام کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور ٹرائلز میں بھرپور شرکت کرکے اپنے ٹیلنٹ کی بنیاد پر سی ڈی اے کی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578700