شامی صدر کاامریکا کی جانب سے شام کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاستوں کی فہرست سے خارج کیے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم

شام کے صدر احمد الشرع نے امریکا کی جانب سے شام کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاستوں کی فہرست سے خارج کیے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔بنگلہ دیش کی نیوز ایجنسی بی ایس ایس کے مطابق احمد الشرع نے کہا کہ آج شام ایک سیاہ داغ سے نجات حاصل کر رہا ہے اور اپنے ماضی کے ایک تکلیف دہ باب کو ختم کرتے ہوئے ترقی، تعمیرِ نو …

دمشق۔25اگست (اے پی پی):شام کے صدر احمد الشرع نے امریکا کی جانب سے شام کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاستوں کی فہرست سے خارج کیے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔بنگلہ دیش کی نیوز ایجنسی بی ایس ایس کے مطابق احمد الشرع نے کہا کہ آج شام ایک سیاہ داغ سے نجات حاصل کر رہا ہے اور اپنے ماضی کے ایک تکلیف دہ باب کو ختم کرتے ہوئے ترقی، تعمیرِ نو اور بحالی کی راہ پر گامزن ہو رہا ہے۔

امریکا کا گزشتہ روز کیا گیا فیصلہ کئی دہائیوں پرانی اس درجہ بندی کو ختم کرتا ہے، جس کے نتیجے میں شام کو سخت معاشی پابندیوں کا سامنا تھا۔ یہ اقدام 2024 میں طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والے شامی حکمران بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بہتر ہوتے تعلقات میں ایک اور اہم پیش رفت ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ نے بھی اس فیصلے کے تحت متعلقہ پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا۔صدر احمد الشرع نے کہا کہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان تمام دوست اور معاون ممالک کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔